اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے شام کی حکومت اور مخالف سیاسی پارٹیوں کے مذاکرات میں شریک افراد سے کہا ہے کہ شام کی حکومت اور مخالفین کے درمیان اعتماد بحال ہونا چاہیے- انہوں نے کہا کہ ہم علاقائی اور عالمی سطح پر ہر اس کوشش کا خیرمقدم کرتے ہیں جو شام کے بحران کے حل پر منتج ہو سکتی ہے- واضح رہے بشار اسد کی حکومت اور ان کے مخالفین کے نمائندوں نے ماسکو میں مذاکرات کا دوسرا دور شروع کیا ہے- روسی وزیر خارجہ نے اس اجلاس سے خطاب میں افسوس کا اظہار کیا کہ اس میں شام کے تمام مخالف گروہ شریک نہیں ہیں- سرگئی لاوروف نے کہا کہ روس، شام میں امن و صلح کی تقویت کی کوششیں جاری رکھے گا اور ہم نے ہمیشہ شام کی قوم کاساتھ دیا ہے اور اس کے ساتھ رہیں گے- انہوں نے کہا کہ شام کے بحران کا حل شام کے مفادات اور جنیوا بیان کے مطابق ہونا چاہیے- قابل ذکر ہے کہ ماسکو میں شامی حکومت اور مخالفین کے مذاکرات کا پہلا دور چھبیس سے انتیس جنوری تک ماسکو میں ہوا تھا-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲